سورہ
واقعہ کا اردو ترجمہ
شروع
الله کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے ِ
جب
واقع ہونے والی واقع ہوجائے ﴿۱﴾ اس کے واقع ہونے میں کچھ جھوٹ نہیں ﴿۲﴾ کسی کو پست
کرے کسی کو بلند ﴿۳﴾ جب زمین بھونچال سے لرزنے لگے ﴿۴﴾ اور پہاڑ ٹوٹ کر ریزہ ریزہ
ہوجائیں ﴿۵﴾ پھر غبار ہو کر اُڑنے لگیں ﴿۶﴾ اور تم لوگ تین قسم ہوجاؤ ﴿۷﴾ تو داہنے
ہاتھ والے (سبحان الله) داہنے ہاتھ والے کیا (ہی چین میں) ہیں ﴿۸﴾ اور بائیں ہاتھ
والے (افسوس) بائیں ہاتھ والے کیا (گرفتار عذاب) ہیں ﴿۹﴾ اور جو آگے بڑھنے والے
ہیں (ان کا کیا کہنا) وہ آگے ہی بڑھنے والے ہیں ﴿۱۰﴾ وہی (خدا کے) مقرب ہیں ﴿۱۱﴾
نعمت کے بہشتوں میں ﴿۱۲﴾ وہ بہت سے تو اگلے لوگوں میں سے ہوں گے ﴿۱۳﴾ اور تھوڑے سے
پچھلوں میں سے ﴿۱۴﴾ (لعل و یاقوت وغیرہ سے) جڑے ہوئے تختوں پر ﴿۱۵﴾ آمنے سامنے
تکیہ لگائے ہوئے ﴿۱۶﴾ نوجوان خدمت گزار جو ہمیشہ (ایک ہی حالت میں) رہیں گے ان کے
آس پاس پھریں گے ﴿۱۷﴾ یعنی آبخورے اور آفتابے اور صاف شراب کے گلاس لے لے کر ﴿۱۸﴾
اس سے نہ تو سر میں درد ہوگا اور نہ ان کی عقلیں زائل ہوں گی ﴿۱۹﴾ اور میوے جس طرح
کے ان کو پسند ہوں ﴿۲۰﴾ اور پرندوں کا گوشت جس قسم کا ان کا جی چاہے ﴿۲۱﴾ اور بڑی
بڑی آنکھوں والی حوریں ﴿۲۲﴾ جیسے (حفاظت سے) تہہ کئے ہوئے (آب دار) موتی ﴿۲۳﴾ یہ
ان اعمال کا بدلہ ہے جو وہ کرتے تھے ﴿۲۴﴾ وہاں نہ بیہودہ بات سنیں گے اور نہ گالی
گلوچ ﴿۲۵﴾ ہاں ان کا کلام سلام سلام (ہوگا) ﴿۲۶﴾ اور داہنے ہاتھ والے (سبحان الله)
داہنے ہاتھ والے کیا (ہی عیش میں) ہیں ﴿۲۷﴾ (یعنی) بےخار کی بیریوں ﴿۲۸﴾ اور تہہ
بہ تہہ کیلوں ﴿۲۹﴾ اور لمبے لمبے سایوں ﴿۳۰﴾ اور پانی کے جھرنوں ﴿۳۱﴾ اور میوہ
ہائے کثیرہ (کے باغوں) میں ﴿۳۲﴾ جو نہ کبھی ختم ہوں اور نہ ان سے کوئی روکے ﴿۳۳﴾
اور اونچے اونچے فرشوں میں ﴿۳۴﴾ ہم نے ان (حوروں) کو پیدا کیا ﴿۳۵﴾ تو ان کو
کنواریاں بنایا ﴿۳۶﴾ (اور شوہروں کی) پیاریاں اور ہم عمر ﴿۳۷﴾ یعنی داہنے ہاتھ
والوں کے لئے ﴿۳۸﴾ (یہ) بہت سے اگلے لوگوں میں سے ہیں ﴿۳۹﴾ اور بہت سے پچھلوں میں
سے ﴿۴۰﴾ اور بائیں ہاتھ والے (افسوس) بائیں ہاتھ والے کیا (ہی عذاب میں) ہیں ﴿۴۱﴾
(یعنی دوزخ کی) لپٹ اور کھولتے ہوئے پانی میں ﴿۴۲﴾ اور سیاہ دھوئیں کے سائے میں ﴿۴۳﴾
(جو) نہ ٹھنڈا (ہے) نہ خوشنما ﴿۴۴﴾ یہ لوگ اس سے پہلے عیشِ نعیم میں پڑے ہوئے تھے
﴿۴۵﴾ اور گناہ عظیم پر اڑے ہوئے تھے ﴿۴۶﴾ اور کہا کرتے تھے کہ بھلا جب ہم مرگئے
اور مٹی ہوگئے اور ہڈیاں (ہی ہڈیاں رہ گئے) تو کیا ہمیں پھر اُٹھنا ہوگا؟ ﴿۴۷﴾ اور
کیا ہمارے باپ دادا کو بھی؟ ﴿۴۸﴾ کہہ دو کہ بےشک پہلے اور پچھلے ﴿۴۹﴾ (سب) ایک روز
مقرر کے وقت پر جمع کئے جائیں گے ﴿۵۰﴾ پھر تم اے جھٹلانے والے گمرا ہو! ﴿۵۱﴾ تھوہر
کے درخت کھاؤ گے ﴿۵۲﴾ اور اسی سے پیٹ بھرو گے ﴿۵۳﴾ اور اس پر کھولتا ہوا پانی پیو
گے ﴿۵۴﴾ اور پیو گے بھی تو اس طرح جیسے پیاسے اونٹ پیتے ہیں ﴿۵۵﴾ جزا کے دن یہ ان
کی ضیافت ہوگی ﴿۵۶﴾ ہم نے تم کو (پہلی بار بھی تو) پیدا کیا ہے تو تم (دوبارہ
اُٹھنے کو) کیوں سچ نہیں سمجھتے؟ ﴿۵۷﴾ دیکھو تو کہ جس (نطفے) کو تم (عورتوں کے رحم
میں) ڈالتے ہو ﴿۵۸﴾ کیا تم اس (سے انسان) کو بناتے ہو یا ہم بناتے ہیں؟ ﴿۵۹﴾ ہم نے
تم میں مرنا ٹھہرا دیا ہے اور ہم اس (بات) سے عاجز نہیں ﴿۶۰﴾ کہ تمہاری طرح کے اور
لوگ تمہاری جگہ لے آئیں اور تم کو ایسے جہان میں جس کو تم نہیں جانتے پیدا کر دیں
﴿۶۱﴾ اور تم نے پہلی پیدائش تو جان ہی لی ہے۔ پھر تم سوچتے کیوں نہیں؟ ﴿۶۲﴾ بھلا
دیکھو تو کہ جو کچھ تم بوتے ہو ﴿۶۳﴾ تو کیا تم اسے اُگاتے ہو یا ہم اُگاتے ہیں؟ ﴿۶۴﴾
اگر ہم چاہیں تو اسے چورا چورا کردیں اور تم باتیں بناتے رہ جاؤ ﴿۶۵﴾ (کہ ہائے) ہم
تو مفت تاوان میں پھنس گئے ﴿۶۶﴾ بلکہ ہم ہیں ہی بےنصیب ﴿۶۷﴾ بھلا دیکھو تو کہ جو
پانی تم پیتے ہو ﴿۶۸﴾ کیا تم نے اس کو بادل سے نازل کیا ہے یا ہم نازل کرتے ہیں؟ ﴿۶۹﴾
اگر ہم چاہیں تو ہم اسے کھاری کردیں پھر تم شکر کیوں نہیں کرتے؟ ﴿۷۰﴾ بھلا دیکھو
تو جو آگ تم درخت سے نکالتے ہو ﴿۷۱﴾ کیا تم نے اس کے درخت کو پیدا کیا ہے یا ہم
پیدا کرتے ہیں؟ ﴿۷۲﴾ ہم نے اسے یاد دلانے اور مسافروں کے برتنے کو بنایا ہے ﴿۷۳﴾
تو تم اپنے پروردگار بزرگ کے نام کی تسبیح کرو ﴿۷۴﴾ ہمیں تاروں کی منزلوں کی قسم ﴿۷۵﴾
اور اگر تم سمجھو تو یہ بڑی قسم ہے ﴿۷۶﴾ کہ یہ بڑے رتبے کا قرآن ہے ﴿۷۷﴾ (جو) کتاب
محفوظ میں (لکھا ہوا ہے) ﴿۷۸﴾ اس کو وہی ہاتھ لگاتے ہیں جو پاک ہیں ﴿۷۹﴾ پروردگار
عالم کی طرف سے اُتارا گیا ہے ﴿۸۰﴾ کیا تم اس کلام سے انکار کرتے ہو؟ ﴿۸۱﴾ اور
اپنا وظیفہ یہ بناتے ہو کہ (اسے) جھٹلاتے ہو ﴿۸۲﴾ بھلا جب روح گلے میں آ پہنچتی ہے
﴿۸۳﴾ اور تم اس وقت کی (حالت کو) دیکھا کرتے ہو ﴿۸۴﴾ اور ہم اس (مرنے والے) سے تم
سے بھی زیادہ نزدیک ہوتے ہیں لیکن تم کو نظر نہیں آتے ﴿۸۵﴾ پس اگر تم کسی کے بس
میں نہیں ہو ﴿۸۶﴾ تو اگر سچے ہو تو روح کو پھیر کیوں نہیں لیتے؟ ﴿۸۷﴾ پھر اگر وہ
(خدا کے) مقربوں میں سے ہے ﴿۸۸﴾ تو (اس کے لئے) آرام اور خوشبودار پھول اور نعمت
کے باغ ہیں ﴿۸۹﴾ اور اگر وہ دائیں ہاتھ والوں میں سے ہے ﴿۹۰﴾ تو (کہا جائے گا کہ)
تجھ پر داہنے ہاتھ والوں کی طرف سے سلام ﴿۹۱﴾ اور اگر وہ جھٹلانے والے گمراہوں میں
سے ہے ﴿۹۲﴾ تو (اس کے لئے) کھولتے پانی کی ضیافت ہے ﴿۹۳﴾ اور جہنم میں داخل کیا
جانا ﴿۹۴﴾ یہ (داخل کیا جانا یقیناً صحیح یعنی) حق الیقین ہے ﴿۹۵﴾ تو تم اپنے
پروردگار بزرگ کے نام کی تسبیح کرتے رہو ﴿۹۶﴾
ایک تبصرہ شائع کریں