اسلام میں تکبر کس کو کہا گیا ہے؟



اسلام میں تکبر کس کو کہا گیا ہے؟

تکبر

غرور، گھمنڈ، خود پسندی، دوسروں کے مقابلہ میں خود کو بڑا سمجھنا اور دوسروں کوحقیر و کم تر سمجھنا، کبر کہلاتا ہے۔ جب کہ کبرونخوت ،فخر و غرور، خود پسندی و حقارت کا اظہار کرنا تکبر کہلاتا ہے۔


اس مفہوم کو ادا کرنے کے لئے قرآن و حدیث میں مختال، استكبار، جبار اور متکبر کے الفاظ بیان ہوئے ہیں۔ ایک حدیث میں تکبر کے مفہوم کو یوں واضح کیا گیا ہے۔


ایک خوبصورت شخص نے حضور اکرم ﷺ سے دریافت کیا کہ میں ایک حسین شخص ہوں، حسن مجھے پسند ہے، میں یہ پسند نہیں کرتا کہ حسن میں مجھے سے کسی کو فوقیت حاصل ہو تو کیا یہ تکبر ہے آپ ﷺ نے فرمایا نہیں تکبر یہ ہے کہ حق کو قبول نہ کیا جائے اور لوگوں کو حقیر سمجھا جائے۔


تکبر کی اسی حثیت کو سب سے زیادہ مہلک اور رذائل اخلاق کی بنیاد کیا گیا ہے۔ سب سے پہلے اسی برائی کا اظہار ہوا اور وہ بھی شیطان نے حضرت آدم کو سجدہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے اس بداخلاقی کا ثبوت دیا اور کہا میں آدم سے بہتر ہوں، وہ مٹی سے بنا ہے اور میں آگ سے بنا ہوں۔ گویا تکبر شیطانی فعل ہے اور شیطان کی طرح مردود اور قبیح ہے۔ تکبر ہی کی وجہ سے لوگوں
نے پیغمبروں کی مخالفت کی۔ اس قسم کے لوگ عام لوگوں کے ساتھ مسجد میں نماز پڑھنے کو اپنی توہین سمجھتے ہیں ۔ دوسروں کو حقیر سمجھتے ہیں ۔ اپنے آپ کو دوسرے لوگوں سے برتر اور اعلی سمجھے ہیں۔ متکبر آدمی عام لوگوں کے ساتھ اٹھنا ،بیٹھنا، چلنا پھرنا ، بات چیت کرنا اپنی شان کے خلاف سمجھتا ہے۔ راستے میں لوگوں سے آگے چلنا چاہتا ہے۔ اس کی خواہش ہوتی ہے کہ لوگ اسے سلام کریں۔


اس قسم کی تمام صورتمیں الله تعالی اور اس کے رسول ﷺ کو بہت ہی ناپسند ہیں ۔کبر اور تکبر صرف اللہ تعالی کو جچتا ہے کیونکہ وہ اکبر، کبیر اور عظیم ہے جیسا کہ حدیث نبوی میں ہے۔
حضور ﷺ نے فرمایا کہ اللہ رب العزت فرماتا ہے کہ تکبر میری چادر ہے اور عظمت میرا تہبند ہے۔ اب جوشخص مجھ سے ان میں سے کسی چیز کو چھیننا چاھے تو میں اسے جہنم میں پھینک دوں گا اور مجھے پروا نہیں ہوگی ۔


قرآن حکیم میں تکبر کرنے والوں کی متعدد مقامات پر شدید مذمت کی گئی ہے۔
ارشاد ربانی ہے

 

جو لوگ میری عبارت سے تکبر کرتے ہیں۔ وہ ذلیل و رسوا ہو کر عنقریب جہنم میں جمع ہوں گے

 

اور لوگوں سے بے رخی نہ کرو اور زمین میں اترا کر نہ چل۔ بے شک اللہ تعالی اترانے اور گھمنڈ کر نے والے کو پسند نہیں کرتے

 

اسی طرح اللہ تعالی ہر تکبر اور ظالم کے دل پر مہر لگا دیتا ہے۔


حضور رسالت ماب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تواضع اور سادگی پسند تھے نہ تو خود کبھی تکبر اور غرور کیا اور نہ ہی تکبر کرنے والے کو پسند فرمایا بلکہ ہمیشہ ایسے شخص سے نفرت اور اس کی مذمت فرمائی۔
آپ ﷺ نے فرمایا

جس شخص کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی تکبر ہوگا وہ جنت میں داخل نہیں ہوگا۔

 

جو شخص غرور سے اپنے کپڑے گھسیٹ کر چلے گا۔ الله قیامت کے روز اس کی طرف نہیں دیکھے گا۔

 

آپ ﷺ دوزانو بیٹھ کر کھانا کھا رہے تھے کہ ایک بدو بھی اس وقت موجود تھا ۔ اس نے کہا کہ بیٹھنے کا یہ کون سا طریقہ ہے ۔ آپ ﷺ نے فرمایا اللہ نے مجھے شریف بندہ بنایا ہے ۔ متکبر اور سرکش نہیں۔

 

یقینا غرور نیکیوں کو اس طرح کھا جاتا ہے جس طرح آگ لکڑیوں کو ۔

 

کیا میں تم کو بتاوں کے جنتی کون ہے ؟ ہر وہ شخص جو کمزور ہو اورلوگ اسے کمزور سمجھیں ۔ کیا تم کو بتاؤں کہ دوزخی کون ہے ؟ ۔۔۔ ہر اکھڑ ، بدخواہ اور مغرور شخص۔


عام طور پر حسب ونسب ، حسن و جمال ، مال و دولت اور قوت وشوکت کوفخر وغرور کے اسباب میں سے شمار کیا جاتا ہے ۔ ان کی وجہ سے لوگ اپنی حقیقت کو بھول جاتے ہیں ، انسان کو انسان تصور نہیں کرتے ۔ اسلام ان چیزوں کو فخر کے اسباب میں ہرگز تصور نہیں کرتا بلکہ کسی کی شرافت ، عظمت ، عزت اور برتری کی بنیاد تقوی کو قرار دیتا ہے ۔ یہ تمام چیز بہت اہمیت کی حامل ہیں ۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ اللہ حسسیں ہے اور حسن کو پسند فرماتا ہے ۔ آپ ﷺ نے حسن کی تعریف کی مگر اسے غرور کا غرور کا زریعے سمجھنے سے منع فرمایا ۔ آپ ﷺ نے قوت وشوکت پر غور کرنے کے بجائے اسے نیکیوں کی اشاعت اور دین کی تبلیغ کے لئے وقف کرنے کا حکم دیا ۔ مال و دولت ضائع کرنے کی ممانعت کی اور اس کی حفاظت اتنی ضروری قرار دی کہ جو اپنے مال کی حفاظت میں قتل ہوجائے اسے شہید کا لقب عطا کیا مگر جب ان پر فخر و غرور کرنا شروع کر دیا جائے تو پھر یہ سراب کی مانند بن جاتی ہے اور بہت ہی مہلک اور خطرناک شکل اختیار کر لیتی ہیں۔


اس لئے تکبر سے بچنے کے لئے اسلام اور اسلام کے علمبرداروں نے ان کا بہترین علاج زکر ، شکر اور فکر آخرت تجویز کیا ہے کیونکہ جب کوئی مسلمان ذکر، شکر اور آخرت کا فکر رکھتا ہے تو اس کی نیکیاں بھی محفوظ رہتی ہیں اور وہ کبر و نخوت جیسی روحانی و اخلاقی مہلک مرض کا شکار بھی نہیں ہونے پاتا ۔

  

ایک تبصرہ شائع کریں

comments (0)

جدید تر اس سے پرانی

پیروکاران